کراچی۔ 3 اپریل (اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کویت کے قونصل جنرل محمد عبد اللہ الخالدی نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر کویت پٹرولیم کے عماد الانصاری بھی موجود تھے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاک کویت دوطرفہ سفارتی، تجارتی اور سماجی تعلقات کو بڑھانے، سرمایہ کاری اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک کویت دوطرفہ تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، کویت کے سرمایہ کار پاکستان با الخصوص صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور فروغ کے لئے کویت کے قونصل جنرل کی خدمات کو پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، امید ہے کہ مستقبل میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قیام امن اور سرمایہ کاری کے ساز گار ماحول کے باعث پاکستان کا معاشی حب کراچی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت کا حامل ہے، کویت کے سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کریں، حکومت ہر ممکن تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی۔ کویت کے قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کویت پاکستان کو خوشحال اور مضبوط دیکھنے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی، خطہ سے غربت اور بیروزگار ی کے خاتمہ میں پاکستان کو مرکزی اہمیت حاصل ہے، کویت کے سرمایہ کار پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔