گورنر سندھ عمران اسماعیل کا یونائٹیڈ بزنس گروپ سندھ کے چیئرمین شیخ خالدتواب کی رہائشگاہ پر عشائیہ سے خطاب

162

کراچی ۔ 26 مارچ (اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار کامیابی کے ساتھ تیل و گیس کی تلاش کے لئے ساحل سمندر سے 230 کلومیٹر دور زیرِ سمندر کھدائی کا کام ہورہا ہے،کئی ہزار میٹر کھدائی کے بعد تیل کی تلاش کے بارے میں 100فیصدنتائج مثبت ہیں۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے بطابق گزشتہ شب یونائٹیڈ بزنس گروپ سندھ کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرشیخ خالدتواب کی رہائشگاہ پر عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان کی باگ ڈور وزیراعظم عمران خان جیسے دیانتدار کے ہاتھ میں ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں تیل وگیس کے وسیع ذخائرسے پاکستان کی تقدیربدلے گی۔ تقریب سے سرپرست اعلیٰ یوبی جی، معروف بزنس مین ایس ایم منیر،سیکرٹری جنرل یو بی جی زبیرطفیل، سردار یاسین ملک اور ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئرداروخان نے بھی خطاب کیا۔ ملک کے ممتاز بزنس مین بشیرجان محمد، طارق رفیع، ممبرسندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ اوربلال غفار، سینیٹر عبدالحسیب خان، طارق حلیم،گلزارفیروز،مسعود نقی،احمدچنائے، عبدالرحیم جانو، صدر کاٹی دانش خان، چیف سی پی ایل سی زبیرحبیب، فرحان حنیف، اشرف میا، فرحان الرحمان، یحییٰ پولانی، فاروق افضل، وسیم وہرہ، مہتاب چاﺅلہ، معین الدین حیدر، صدیق شیخ، راشد صدیقی، فرخ مظہر، عفیف راشد، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، سابق کرکٹر شعیب محمد، عامراقبال، اقبال یوسف، ممتازشیخ، راشدہاشمی اور دیگر تاجرو صنعتکار موجود تھے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مشکل حالات ضرور ہیں لیکن بزنس مین پھر بھی باآسانی کاروبار کررہے ہیں، لیکن یہ بات ہرشخص سمجھ لے کہ ملک میں اب سب کا احتساب ہوگا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے بڑے برانڈز آرہے ہیں اور اورکئی اہم انٹرنیشنل کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے کیلئے پاکستان کا رخ کررہی ہیں، پاکستان اب بدل رہا ہے اور جس نے پاکستان پر اعتماد نہ کیا اور اپناپیسہ باہرممالک سے پاکستان نہ لائے تو انہیں بعد میں افسوس ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت ایماندارانہ اور جرائتمندانہ انداز سے کام کررہی ہے، حکومت ایک ڈالر سے کم آمدنی والے لوگوں کیلئے ہیلتھ کارڈ لارہی ہے اور حکومت ساڑھے7لاکھ روپے کا ہیلتھ کارڈ دے گی جس سے وہ اپنا علاج کرا سکیں گے اور ادویات خریدسکیں گے،اس طرح پاکستان کی فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کا کاروبار بھی بڑھے گا۔ اس موقع پرسرپرست اعلیٰ یو بی جی ایس ایم منیر نے کہا کہ حال ہی میں ہانگ کانگ فیئرمیں شرکت کے موقع پر مجھ سے بھارتی بزنس مینوں نے ہمارے وزیراعظم عمران خان کی بے پناہ تعریف کی اور کہا کہ عمران خان نے پاک بھارت سیاسی تناﺅ کے دوران دلیرانہ اقدامات کئے ہیں اور پاکستان کو ایک بہترین وزیراعظم ملا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمیں افواج پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف پر فخر ہے، ان کی وجہ سے ہی ہم پرسکون نیند لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایکسپورٹرز شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ سردار یاسین ملک نے کہا کہ مجھے اپنے کاروبار کی ابتداءمیں 2 پیسے کا منافع ہوا تھا اور میں اپنی کتاب کا عنوان بھی دوپیسہ رکھا ہے، اللہ تعالیٰ نے جوقوانین مسلمانوں کیلئے بنائے ہیں ان پر عمل کرکے ترقی حاصل کی جاسکتی ہے، ہمیں بحیثیت مسلمان اپنا ایمان مضبوط رکھنا ہے، اگر کوئی امیر بننا چاہتا ہے تو پھر وہ اللہ کی راہ میں خرچ کرے۔ زبیرطفیل نے کہا کہ کراچی میں نئی صنعتوں کے لئے پورٹ قاسم بہترین مقام ہے جہاں اس وقت صرف 30فیصد صنعتیں کام کررہی ہیں اور70فیصد جگہ خالی ہے۔شہر میں نئی صنعتیں لگنے سے ہی نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ انجینئرداروخان نے کہا کہ سردار یاسن ملک ہمارے لئے ایک روشن مثال ہیں جنکی فیملی نے ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا، پاکستان میں نئی صنعتوں کے قیام سے حکومت کو زیادہ ٹیکس ملے گا اس لئے راہ ہموار کی جائے اور ٹیکس دہندگان کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ میزبان خالدتواب نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے والوں کو اعزازت دے کرموجودہ حکومت نے یہ ثابت کیا ہے کہ بزنس مین عزت کے قابل ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ ٹیکس دہندگان کے دفاتر میں چھاپے نہ مارے اور انکی تذلیل نہ کی جائے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کا ایک بڑا نام میاں محمدادریس کو ایک شخص بلیک میل کررہا ہے اوراس نے میاں ادریس کے خلاف 30تھانوں میں مقدمات درج کرائے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ ایس ایم منیر کے رابطے پر وزیراعظم عمران خان نے میاں محمدادریس سے ملاقات کرنے ان سے تمام معلومات حاصل کی ہیں، بلیک میل کرنے والے شخص کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیئے۔