گورنر سندھ محمد زبیر کا پریس کانفرنس سے خطاب

119

کراچی ۔ 15 اگست (اے پی پی) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے، پہلے ہی وفاق شہر میں 50 ارب روپے سے ترقیاتی کام کروا رہا ہے جس میں گرین لائن، K-IV اور لیاری ایکسپریس وے منصوبے شامل ہیں، K-IV اور لیاری ایکسپریس وے منصوبہ میں وفاق با الترتیب 12,12 ارب روپے اور گرین لائن منصوبہ پر 24 ارب روپے خرچ کررہا ہے، وزیر اعظم پاکستان نے کراچی کے لئے 25 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے اس طرح وفاق کل 75 ارب روپے کراچی کی ترقی کے لئے خرچ کررہا ہے، کراچی ترقیاتی پیکج کے حوالہ سے گورنر ہاﺅس میں پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے گا جس کے ذریعہ انتہائی شفاف طریقہ سے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅ س میں کراچی ترقیاتی پیکج کے حوالہ سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں شہر میں پینے کے صاف پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے K-IV منصوبہ کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شروع ہونگے، فائر بریگیڈ سے متعلق بھی کراچی پیکج میں مخصوص رقم رکھی گئی ہے، کراچی ترقیاتی پیکج میں صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی گئی ہے، کراچی میں ایک بہترین سرکاری اسپتال بنانے کی ضرورت ہے، مرکزی حکومت جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اور اسپتال قائم کرے گی۔