کراچی۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنرہائوس میں انڈس یونیورسٹی کے خصوصی کانووکیشن میں یو اے ای ،اومان کے قونصل جنرلز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی ڈگری اور میڈلز عطاکئے گئے ۔
گورنر سندھ نے جمعرات کو انڈس یونیورسٹی کے خصوصی کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصب کو ایک سال ہو گئے کوشش کی سب کو ساتھ لے کر چلوں اور اس ملک کی شان میں اضافہ کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک برس کے دوران آپ سب کو یہاں مدعو کیا عوام الناس کے لئے ہائو س کے دروازے کھولے،اس صوبے میں بہترین خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے یہ ڈگری اور میڈلز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یواے ای کے سفیر نے گزشتہ 20 برس یہاں رہ کر بھائیوں اور دوستوں والا کردار ادا کیا ہے ،
اومان کے قونصل جنرل کی دوستی کی بھی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزازی ڈگریاں چیئرمین سینیٹ کو دینی تھی تاہم وہ بیرون ملک ہونے کے باعث تشریف نہیں لا سکے، یہ وہ لوگ ہیں جو میرے اس سفر میں ساتھ کھڑے رہے۔ڈاکٹر آف فلاسفی کی ڈگری حا صل کرنے والوں میں یو اے ای ،اومان کے قونصل جنرلز،ٹیسوری گروپ کے چیف ایگزیکٹو محمد اختر ٹیسوری،سیلانی ٹرسٹ کے مولانا بشیر فاروقی، جے ڈی سی کے ظفر عباس،سر ضیااللہ خان ودیگر شامل ہیں۔