گورنر سندھ کا صومالیہ کے قزاقوں کی قید سے رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں کا وطن واپسی پر استقبال

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صومالیہ کے قزاقوں کی قید سے رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں محمد یاسین، عمران علی اور سید حسین یوسف کی وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پہنچ کر ان کا استقبال کیا۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے پاکستانیوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

کراچی۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صومالیہ کے قزاقوں کی قید سے رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں محمد یاسین، عمران علی اور سید حسین یوسف کی وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پہنچ کر ان کا استقبال کیا۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے پاکستانیوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ انہوں نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ سانحہ تھا، پاکستانی متاثرین کے دکھ اور درد کو ہم اپنا دکھ اور درد سمجھتے ہیں۔اس موقع پر میئر کراچی مرتضی وہاب اور دیگر شخصیات بھی گورنر سندھ کے ہمراہ موجود تھیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اس معاملے پر خصوصی توجہ دی، ضروری ہدایات جاری کیں اور متاثرہ پاکستانیوں کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہے۔انہوں نے کہا کہ پیسہ کسی انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، تاہم متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم، صحت اور مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے جو ممکن ہوسکا، ریاست وہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائشی پلاٹس، بچوں کی تعلیم و تربیت اور صحت سے متعلق ضروری اقدامات کی واضح ہدایات دی ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ریاست اپنی استطاعت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی کفالت کرے گی، جبکہ اس حوالے سے موصول ہونے والی امدادی رقم بھی متاثرہ افراد کے حوالے کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ اس مشکل وقت میں صوبائی حکومت نے بھی بھرپور تعاون کیا ہے، ہم یہاں کسی جماعت کی حیثیت سے نہیں بلکہ پاکستانی بن کر کھڑے ہیں، آج ہم اپنے بھائیوں کی دلجوئی کرنے اور انہیں یہ یقین دلانے آئے ہیں کہ وہ تنہا نہیں، پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ اگر قوم متحد ہو تو ہر قسم کے مشکل حالات کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زخمی پاکستانیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔