کراچی۔ 30 ستمبر (اے پی پی):یوم ولادت رسول ﷺ کے موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہائوس میں میلاد مصطفی ﷺ کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ سید مقبول باقر ، ایم کیو ایم کے رہنماءخالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، کشور زہراء،نگران صوبائی وزراء، غیرملکی سفارتکار، آئی جی سندھ کمشنر کراچی،سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ مولانا بشیر فاروقی، جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس، معروف نعت خواہوں ودیگرمعززین شہر نے اپنے اہل خانہ کےہمراہ شرکت کی،
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کےمطابق اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یوم ولادت رسول ﷺ منانا اور محبت رسول ﷺ رکھنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس روز سعید کی آمد پر میں تمام مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آج کا دن دنیا میں محبت بانٹنے کا دن ہے یہ میری خوش نصیبی ہے کہ میری بحیثیت گورنر تعیناتی بھی اسی بابرکت دن ہوئی۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ سے سچی محبت کا تقاضا ہے کہ مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، نبی ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے،
مستونگ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا اور معصوم انسانوں کی جان لی گئی، اس بابرکت دن کے موقع پر مستونگ واقعہ پر دل خون کے آنسو روتا ہے کہ شرپسندوں نے اس خوشی کے دن بزدلانہ کارروائی کے ذریعہ رخنہ ڈالا اور اپنے نبی محمد ﷺ کا یوم ولادت منانے کے لئے نکلے ہوئے معصوم بے گناہوں کا خون بہایا۔گورنر سندھ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دین و دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، ہم سب کو سوچنا ہوگا کہ کیا ملک کی ترقی کے لئے ہم نے اپنے حصے کا کام کیا۔ آج کا دن ہمیں انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ میلاد مصطفی ﷺ کی محفل میں مولانا بشیر فاروقی نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی۔