پشاور۔ 09 اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سندھ کے وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبداللطيف بھٹائی رحمتہ الله عليه کے مزار پر فاتحہ خوانی کرکے اور چادر چڑھا کر 282ویں عرس مبارک کا افتتاح کر دیا۔ گورنر ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر غریب خواتین میں کپڑے …
گورنر فیصل کنڈی اور وزیر ثقافت سندھ کا شاہ لطیفؒ کے عرس کا مشترکہ افتتاح، مزار پر فاتحہ و چادر پوشی
پشاور۔ 09 اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سندھ کے وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبداللطيف بھٹائی رحمتہ الله عليه کے مزار پر فاتحہ خوانی کرکے اور چادر چڑھا کر 282ویں عرس مبارک کا افتتاح کر دیا۔ گورنر ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر غریب خواتین میں کپڑے اور تحائف بھی تقسیم کیے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے باوجود ہمیشہ امن کا پیغام دیا اور کشمیری عوام کے حق میں سفارتی محاذ پر بھرپور جدوجہد کی۔
گورنر نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی فوجی اور معاشی صلاحیتوں کو کمزور سمجھ کر جارحیت کی کوشش کی لیکن پاک فضائیہ نے منٹوں میں بھرپور جواب دے کر دشمن کو خاموش کر دیا، جنگ کے دوران سندھ سے چترال تک پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، شہداء نے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور مسلح افواج نے ہر محاذ پر شجاعت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم نے مختلف ممالک کا دورہ کرکے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ پیش کیا اور بھارت کو سفارتی طور پر تنہا کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستانی میڈیا نے اس موقع پر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جبکہ بھارتی میڈیا تضاد بیانی کا شکار رہا۔
گورنر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، ریاستی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو سخت ترین سزائیں دی جائیں تاکہ ملک میں موثر نظامِ سزا و جزا قائم ہو سکے۔ صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے فیصل کریم کنڈی کا عرس مبارک کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں گورنر نے شاہ جو باغ میں کلچرل ویلج کا افتتاح بھی کیا اور دستکاری کے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ثقافتی گوٹھ میں بیٹھ کر کچہری کی اور لوک موسیقی سنی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ایچ ٹی سورلی ہال بھٹ شاہ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ، ایس ایس پی اعجاز میمن و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔









