گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورکی ملاقات، سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے پر تبادلہ خیال، وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی

157
گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورکی ملاقات، سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے پر تبادلہ خیال، وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور اینڈ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد خان چیمہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے احد چیمہ کو اقتصادی امور کی وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ بڑھانے اور مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ اور لوکل انویسٹرز بالخصوص نئے انویسٹرز کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی ۔ گورنر نے کہا کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے محکموں کے افسران کو اپنے رویوں کو بہتر کرنے اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس بیس میں اضافہ ناگزیر ہے، اس سے ملکی ریویونیو میں اضافہ ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں فنڈز کے حوالے سے فنانس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک گزشتہ حکومت کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں تعلیم کا بجٹ کم کرنے سے سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں اضافہ اور کئی یونیورسٹیوں کے بجٹ میں کمی خسارے کا باعث بنی جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور اینڈ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہا کہ اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے ملکی ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔