لاہور۔17 اگست(اے پی پی )گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نر یندر مودی کو ہٹلر سے بھی زیادہ ظالم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکمران سن لیں اگر اب جنگ ہوگی تو یہ بر صغیر کی آخری جنگ ہوگی ۔بھارت جنگ کیلئے تیار ہے تو ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کیلئے تیار کھڑے ہیں۔ سلامتی کونسل میں کشمیر کی صورتحال پر تشویش پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے ۔بھارت افغانستان میں امن اور کر تارپورراہداری منصوبے کا پہلے دن سے مخالف ہے مگر ہم اس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حالات کچھ بھی ہوجائےں پاکستان کر تارپورراہداری منصوبے کو ہر صورت بر وقت مکمل کر ے گا۔بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے و ہ پاکستان میں کبھی سوچا بھی نہیں جاسکتا ہم اقلیتوں کاتحفظ اپنی جان سے بڑھ کرکریں گے۔ مظلوم کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے مگر میں سوال کر تاہوں کہ دنیا کے حکمرانوں کا ضمیر کہاں سوچکا ہے؟ مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پرظلم کے پہاڑتوڑے جارہے ہیں۔