گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی پاکستان فرنیچر کونسل کے دفتر کے دورہ کے موقع پر میاں کاشف اشفاق سے گفتگو

114

لاہور۔ 22 جنوری (اے پی پی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت فرنیچر سیکٹر کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اس کی برآمدات بڑھانے کیلئے اسے عالمی معیار پر لانے اور جدید ترین ڈیزاینوں کی تیاری کیلئے لکڑی کا کام کرنے والی افرادی قوت کو ہائی ٹیک تربیت فراہم کرے گی اور پی ایف سی کی سفارش پر پورے صوبہ میں یہ ٹریننگ مفت مہیا کی جائے گی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے دفتر کے دورہ کے موقع پر کہی۔ دفتر پہنچنے پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے گورنر کا خیر مقدم کیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس سلسلے میں ٹیوٹا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق جدید ترین تربیتی کورسز تیار کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ انہوں نے کاروباری برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لئے بھر پور کوششیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس شعبے کے حالات اور صنعت کی ضروریات کو مکمل طور پر سمجھنے کےلئے مضبوط رابطہ استوار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ کے دوران انہیں اس صنعت کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے حکومتی کردارکو سمجھنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کا تحفظ اور درآمدات کو کنٹرول کرکے بہت زیادہ زر مبادلہ بچایا جا سکتا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پی ایف سی پاکستانی ہنر مندوں کی مہارت اور مقامی دستکاری کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے اور برآمدات کی حوصلہ افزائی کرنے کےلئے بین الاقوامی تجارتی تعلقات کو فروغ دے رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لئے حالات بہتر ہو رہے ہیں اور یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ پی ایف سی اس ضمن میں بھی غیر ملکی فرنیچر پروڈیوسرز کے ساتھ کاروباری رابطے بڑھانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس موقع پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے گورنر پنجاب کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ایف سی لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں میگا انٹیریئرز پاکستان نمائشوں کا انعقاد کر کے مقامی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی اور برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات کو بڑھانے کے لئے مینوفیکچررز کو نئی ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے ٹیکسوں میں مراعات اور کریڈٹ پیکج دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں دیگر ممالک کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگا درآمدی خام مال اور بجلی کا زیادہ ٹیرف چین اور بھارت کے سستے درآمدی مال کا مقابلہ کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے صوبائی سطح پر فرنیچر سیکٹر کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔