لاہور۔11فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے ان کی گولی سے شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہلکار محمد قدیر کی رہائش گاہ پر جاکر شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
گورنر پنجاب نے شہید محمد قدیر کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ امن و امان کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ دینے والے شہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنر پنجاب پولیس سمیت تمام فورسز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے آج ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے جس عظیم مشن کے تحت ہمارے سکیورٹی فورسز کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں ، پاکستانی قوم اس میں سرخرو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے ملک کی عوام دہشت گردوں کے خلاف ایک پیج پر کھڑے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امن کے دشمن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے بھی دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس پنجاب کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جومشکلات کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید کے لواحقین کو ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے تمام شہدا کے اہل خانہ کیلئے کھلے ہیں۔