ٖفیصل آباد۔ 27 اگست (اے پی پی):گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے ٹیرا اسپارک گروپ آف کمپنیز کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد تحقیق، جدت اور پائیدار توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور ڈاکٹر سرفراز احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیرا اسپارک گروپ آف کمپنیز نے کیے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے ایک سٹریٹجک شراکت داری فریم ورک قائم کریں گے، جو تحقیق و ترقی، استعداد کار میں اضافہ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور جدید ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کے نفاذ جیسے اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں فریقین پائیدار شہری اور دیہی ترقی کو فروغ دیں گے، بالخصوص حرارتی اور حیاتیاتی طریقوں سے صاف توانائی کے نظام متعارف کرائیں گے۔
یہ تعاون پاکستان کی قومی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی وعدوں، خصوصاً اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 7 (سستی اور صاف توانائی) اور موسمیاتی اقدامات کی تکمیل میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ یہ شراکت داری جی سی یونیورسٹی کے اُس پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے ذریعے یونیورسٹی صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہی ہے تاکہ ایک علم پر مبنی اور پائیدار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف تحقیق کے نئے دروازے کھولے گا بلکہ طلبہ اور اساتذہ کو عملی مہارتوں سے بھی آراستہ کرے گا تاکہ وہ پاکستان کے توانائی اور ماحولیاتی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔ ڈاکٹر سرفراز احمد نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی دنیا کے مسائل کے حل کے لیے صنعت اور تعلیمی اداروں کا اشتراک ناگزیر ہے اور انہوں نے پائیدار جدت کو فروغ دینے میں جی سی یو ایف کے فعال کردار کو سراہا۔