اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس 100 ارب روپے کی مالیت سے 7 مختلف منصوبے شروع کر رہی ہے جن میں 6 منصوبے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی اور ایک منصوبہ پاکستان ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کا ہے۔ وفاقی وزیر برائے ہاو¿سنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ گھروں کی تعمیر معاشی ترقی اور معاشرتی استحکام کازینہ ہے،ان ہاﺅسنگ منصوبوں کی تعمیر سے جہاں ہزاروں بے گھر پاکستانیوں کو اپنی چھت میسر ہو گی وہاں تعمیراتی شعبہ سے منسلک صنعتوں کا بھی فروغ ہو گا اور روز گار کے نئے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبہ سازی کے فقدان کی وجہ سے آج ہمارا ملک تقریباً ایک کروڑ ہاﺅسنگ یونٹس کی کمی کا شکار ہے، اس بحران کی وجہ سے کم آمدنی والے اور تنخواہ دار طبقہ کےلئے اپنے گھر کا حصول ناممکن بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں کے ساتھ پرانے 10 سال سے زیر التواءمنصوبوں کو بھی ایک سال کے اندر فعال بنایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاو¿سنگ اتھارٹی تمام اہل وفاقی ملازمین کو قابل برداشت قیمت پر معیاری رہائشی سہولتیں مہیا کر رہی ہے، اس سلسلہ میں بینکوں سے فنانسنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔ وفاقی سیکرٹری برائے ہاو¿سنگ و تعمیرات ڈاکٹر عمران زیب خان، ڈی جی ایف جی ایچ اے وسیم حیات باجوہ، وزارت اور ایف جی ایچ اے کے افسران نے دن رات محنت سے ایک سال کے اندر منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے بھرپور کوشش کی۔