پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی، گرین شرٹس میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں سال جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے رواں سال پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست تک لارڈز، دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست تک ٹرینٹ برج نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 29 اگست کو ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 31 اگست کو سوفیہ گارڈنر، کارڈف میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 2 ستمبر کو دی روز بائول، سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔