سیالکوٹ۔20جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کو ایل پی جی کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اولین ترجیح ہے، اورچارجنگ برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اپنے سیل پوائنٹس پر اوگرا کی مقررہ قیمت کا واضح پرائس بورڈ نصب کریں گے۔
انہوں نے ایل پی جی گیس ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن ضلع سیالکوٹ کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غیر محفوظ طریقے سے ایل پی جی گیس فروخت کرنے والے غیر قانونی ڈسٹری بیوٹرز تاہم ایل پی جی کی ڈی کنڈنگ کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ اور اس کاروبار کو محفوظ بنانے کیلئے ایل پی جی ایسوسی ایشن کے تعاون سے ٹھوس اقدامات کرے گی اور وضع کردہ ایس اوپیز پر عمل در آمد کروایا جائے گا،ضلع سیالکوٹ میں 26جنوری تمام ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے مالکان اور کام کرنے والے عملہ کی ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفس سیالکوٹ میں سیفٹی اورفائر فائٹنگ کے تربیتی پروگرامز کا آغاز کیا جارہا ہے۔
تمام ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے ڈسٹری بیویشن سنٹرز پر آگ بجھانے کے آلات نصب ہونے چاہیئں تاکہ آگ لگنے کی صورت میں اسے فوری بجھایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ میں تمام بااختیار ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز پر ایس او پیز کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ غیر قانونی کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ صارفین کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انہیں صرف معیاری گیس سلنڈرز میں گیس فراہم کی جائے۔چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر، ضلعی صدر ڈاکٹرتوقیر نے کہاکہ اوگرا کے مقررہ نرخوں پر گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے گا اور اس کاروبار کو محفوظ بنانے کیلئے نہ صرف سیفٹی آلات نصب کئے جارہے ہیں بلکہ ان کے درست طریقے سے استعمال کیلئے عملہ کو تربیت بھی دی جارہی ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر پسرور انعم علی خان، سول ڈیفنس آفیسر خالد محمود شہزاد، ڈی او انڈسٹریز راشدہ بتول، سیفٹی آفیسر سول ڈیفنس حافظ ذاکریا اقبال، چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر، ضلعی صدر ڈاکٹرتوقیر اور ڈی او لیبر کے علاوہ کثیر تعداد میں ایل پی جی کے ڈسٹری بیوٹرز موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=291544