ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے منتخب شعبہ جات میں ایم ایس/ایم فل کے بعد پی ایچ ڈی تک تعلیم کے لیے اوورسیز اسکالرشپ فیز تھری کے تحت وظائف کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اوورسیز اسکالرشپ فیز تھری کا اعلان، پی ایچ ڈی کیلئے درخواستیں طلب

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے منتخب شعبہ جات میں ایم ایس/ایم فل کے بعد پی ایچ ڈی تک تعلیم کے لیے اوورسیز اسکالرشپ فیز تھری کے تحت وظائف کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق ’’اوورسیز اسکالرشپ فار ایم ایس/ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی اِن سلیکٹڈ فیلڈز (فیز تھری)‘‘ کے تحت پاکستانی طلبہ کو دنیا کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اسکالرشپ کے تحت کیو ایس یا ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 200 جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ منتخب امیدواروں کو ٹیوشن فیس، وظیفہ اور انشورنس سمیت مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ایچ ای سی کے مطابق اسکالرشپ پروگرام کے لیے آٹھ ترجیحی شعبہ جات مقرر کیے گئے ہیں جن میں ڈیجیٹل تبدیلی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، توانائی، موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات، زراعت، غذائی تحفظ و زرعی ٹیکنالوجی، صحت، حیاتیاتی ٹیکنالوجی و لائف سائنسز، انجینئرنگ و جدید مینوفیکچرنگ، قدرتی و طبعی علوم، سماجی علوم، کاروبار و حکمرانی اور بین الشعبہ جاتی و تزویراتی شعبہ جات شامل ہیں۔ ایچ ای سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں 28 اگست 2026 کو شام 4 بجے تک آن لائن جمع کرائیں۔ مزید تفصیلات اور آن لائن درخواست کے لیے ایچ ای سی کی ویب سائٹ eservices.hec.gov.pk سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ امیدوار اسکالرشپ سے متعلق رہنمائی کے لیے ایچ ای سی کی ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔







