ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام ’’کالج فیکلٹی پروفیشنل ڈویلپمنٹ پالیسی ڈائیلاگ‘‘ کے موضوع پر مشاورتی سیمینار کا انعقاد

123
Higher Education Commission

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے اپنے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی)پراجیکٹ کے تحت ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی)پنجاب کے تعاون سے ’’کالج فیکلٹی پروفیشنل ڈویلپمنٹ پالیسی ڈائیلاگ‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ مشاورتی سیمینار کا انعقاد کیا۔ مشاورتی سیمینار میں پنجاب کے متعلقہ ڈویژن کے ڈائریکٹر کالجز اور راولپنڈی ڈویژن میں خدمات انجام دینے والے منتخب پرنسپلز نے شرکت کی۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایچ ای ڈی پی ڈاکٹر محمود الحسن بٹ نے اپنے کلیدی خطاب میں کالج فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک اچھی ساختہ پالیسی کی ضرورت پر زور دیا،

تدریس کے معیار کو بہتر بنانے اور معیاری تدریس کے ذریعے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے فیکلٹی کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری (اصلاحات و تربیت)ندیم اصغر نے ایچ ای ڈی پنجاب کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کالج فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی کی پالیسی بنانے میں ایچ ای ڈی پنجاب کی مدد کرنے پر بالعموم ایچ ای سی اور خاص طور پر ایچ ای ڈی پی کی تعریف کی۔

افتتاحی سیشن کے بعد ڈپٹی سکرٹری کی قیادت میں ڈائریکٹرز کالجز اور پرنسپلز کے ساتھ مرکوز گروپ مباحثہ ہوئے تاکہ آنے والی صلاحیت سازی کی مشقوں کی تفصیلات مرتب کی جا سکیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل افتخار محمود نے اپنی ٹیم اور ایچ ای ڈی پی کے کلیدی عملے کے ساتھ اسسمنٹ، ایفیلیٹ سسٹم اور کوالٹی ایشورنس پر سیشن دیئے۔

یہ سیمینار ایچ ای سی کی طرف سے مفاہمت کی یادداشت کا حصہ ہے۔ ایچ ای ڈی پی منصوبے کے تحت اس سے قبل الحاق شدہ کالجوں میں اساتذہ کی استعدادکار بڑھانے کے لیے پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی)حکومت پنجاب کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کئے گئے تھے۔

ایم او یو کے مطابق ایچ ای سی پنجاب حکومت کی فیکلٹی پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور ایچ ای ڈی پنجاب کی سٹاف ٹریننگ پالیسی میں مدد کرے گا۔ اس میں تربیت کی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنا، تربیت کی فراہمی کے لیے ایس او پی تیار کرنا، سیکھنے کے نتائج کا جائزہ لینااور وقتاً فوقتاً تربیتی پالیسی کا جائزہ لینا شامل ہے تاہم، پنجاب حکومت احاطے اور وسائل تک ضروری مقامی رسائی فراہم کرے گی اور اس سرگرمی کے لیے ایچ ای سی کیلئے ایک فوکل پرسن مقرر کرے گی۔

پالیسی کے تحت مختلف قسم کی پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کی نشاندہی کی جائے گی اور مناسب تشخیص کے ساتھ ٹائم لائنز کا تعین کیا جائے گا۔ ایچ ای ڈی پی کے متعدد اقدامات ملک بھر کے الحاق شدہ کالجوں پر مشتمل پاکستان کے تعلیمی نظام کی حمایت پر مرکوز ہیں۔