ہاتھی کاووان کی کمبوڈیا روانگی میں پاکستان کی نیک نامی بھارت ہضم نہ کرسکا، اسلام آباد سے کمبوڈیا نان سٹاپ پرواز میں پھر رکاوٹ کھڑی کردی

139

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر سے ہاتھی کاووان کی کمبوڈیا روانگی میں پاکستان کی نیک نامی بھارت ہضم نہ کرسکا، بھارتی حکومت نے ہاتھی کی اسلام آباد سے کمبوڈیا نان اسٹاپ پرواز میں پھر رکاوٹ کھڑی کردی۔ پاکستانی حکام نے مودی سرکار کے روئیے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق پرواز کی نئی دہلی میں دو گھنٹے قیام کی شرط سے ہاتھی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ بھارت کی غیر ضروری شرائط کے باعث ہاتھی کی روانگی میں مزید 8 گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے اور ہاتھی کو کمبوڈیا لے جانے والی فلائیٹ اب شام چھ کے بجائے صبح 4 بجے روانہ ہوگی۔ ملک امین اسلم نے اپنےٹویٹ میں کہا کہ بھارت جانوروں پر نفرت انگیز سیاست کا کھیل نہ کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ کاووان کو کمبوڈیا کی محفوظ پناہ گاہ میں بھجواجا رہا ہے، کاووان ہاتھی کی فلائیٹ کو پر امن طریقے سے نان اسٹاپ پرواز کی اجازت دی جائے۔