ہارس اینڈ کیٹل شو کے سلسلہ میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام کبڈی کے فائنل کا انعقاد،صوبائی وزیر شافع حسین کی بطور مہمان خصوصی شرکت

129
ہارس اینڈ کیٹل شو کے سلسلہ میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام کبڈی کے فائنل کا انعقاد،صوبائی وزیر شافع حسین کی بطور مہمان خصوصی شرکت

لاہور۔19فروری (اے پی پی):ہارس اینڈ کیٹل شو کے سلسلہ میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام جیلانی پارک میں کبڈی کے فائنل میچ کا انعقاد ہوا ۔چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ ،صوبائی وزیر آبپاشی کاظم پیر زادہ اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا محمد سرور اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستان واپڈا اور پاکستان ایئر فورس کی کبڈی ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ ہوا جسمیں پاکستان واپڈا کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی،

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال اپریل میں سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان ،انڈیا اور ایران کی کبڈی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے جسے پنجاب میں بہت پسند کیا جاتا ہے ، چوہدری ظہور الہی شہید اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی کبڈی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے ۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے ملکوں کے تعلقات کو بہتر کیا جا سکتا ہے ، کھیلوں کی سرگرمیوں کو سفارش کلچر سے مکمل پاک کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جیلانی پارک میں فیملیز کا بڑی تعداد میں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کے اقدامات کو سراہا جارہا ہے ،ایسے ایونٹس کے انعقاد سے ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے ۔صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بڑے عرصے کے بعد لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد پر پنجاب کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔اس اہم ایونٹ انعقاد کا کریڈٹ وزیر اعلی پنجاب کو جاتا اور ایسے ایونٹس کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام احتجاج ،کیلوں والے ڈنڈوں اور دھرنوں کی سیاست سے تنگ آچکے تھے ،پنجاب کے عوام کو بہت عرصے بعد خوشگوارتبدیلی محسوس ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کبڈی کے فروغ اور کبڈی کے شاندار ایونٹس کے انعقاد پر چوہدری شافع حسین کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں ۔

صوبائی وزراء نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور کبڈی میچ کا فائنل جیتنے والی پاکستان واپڈا کی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی۔کبڈی مقابلوں میں پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں 16لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے ۔قبل ازیں صوبائی وزرا کی دستار بندی کی گئی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔صوبائی وزرا ء کو پی ایچ اے کی جانب سے یاد گاری سوینئرز بھی دیئے گئے ۔