ہارون اختر خان کا پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر (پیٹیک) میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس سینٹر کے قیام کا اعلان

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ہفتہ کو لاہور میں پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر( پیٹیک ) کا دورہ کیاجہاں انہوں نے پاکستان کے صنعتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔اس موقع پرہارون اختر خان نے کہا کہ پیٹیک میں قائم کیا جانے والا اے آئی …

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ہفتہ کو لاہور میں پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر( پیٹیک ) کا دورہ کیاجہاں انہوں نے پاکستان کے صنعتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔اس موقع پرہارون اختر خان نے کہا کہ پیٹیک میں قائم کیا جانے والا اے آئی سینٹر بعد ازاں تمام صوبوں تک توسیع دیا جائے گا، جو وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ہے کہ جدید اے آئی اسکلز اور اختراعات کے ذریعے صنعتی ترقی کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم پہلے ہی ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے اے آئی اسکلز پروگرامز اور اے آئی سینٹرز کے آغاز کی ہدایت کر چکے ہیں تاکہ نوجوانوں کو جدید صنعتی دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ اے آئی ڈویلپمنٹ اور مشینری اپ گریڈیشن کے لیے پیٹیک، پاکستان انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن اور تصدیق مشترکہ طور پر ایک خصوصی فنڈنگ میکانزم قائم کریں گے، جو مختلف صنعتی شعبوں میں جدیدیت لانے کے عمل میں معاون ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیٹیک میں مشینری اپ گریڈیشن سے ایس ایم ایز کی اسکل ڈویلپمنٹ مزید مضبوط ہوگی اور وہ عالمی صنعتی معیار کے مطابق اپنی پیداواری صلاحیت بہتر بنا سکیں گے۔پیٹیک نے اپنی اپ گریڈیشن کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے گرانٹ میں اضافے کی باضابطہ درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔

ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ آنے والی قومی صنعتی پالیسی کے تحت پی آئی ڈی سی اور پیٹیک دونوں کو زیادہ بااختیار بنایا جائے گا، تاکہ وہ مقامی مینوفیکچرنگ، اختراع اور تکنیکی ترقی کے عمل کو مزید مضبوط بنا سکیں۔ پیٹیک اس وقت مقامی سطح پر صنعتی مشینری اور ٹولز تیار کر رہا ہے، جو درآمدی متبادل کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے پیٹیک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ یہاں کے طلبا نے اسکاٹ لینڈ، چین اور دیگر ممالک میں داخلے حاصل کیے ہیں، جو ادارے کی معیاری ٹیکنیکل تعلیم کا ثبوت ہے۔ہارون اختر خان نے سمیڈا اور پیٹیک کو ہدایت کی کہ وہ چیمبرز آف کامرس کے ساتھ مل کر اے آئی سینٹرز، مشینری اپ گریڈیشن اور اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے لیے جامع بزنس پلان تیار کریں۔

دورے کے دوران انہوں نے پیٹیک کی مختلف لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر انڈسٹریل آٹومیشن، پروگرام ایبل لاجک کنٹرولرز ، ڈائز اینڈ مولڈز، گیجز، فکچرز اور متعلقہ شعبوں میں پیٹیک کی صلاحیتوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی آئی ڈی سی کی مالی معاونت سے پیٹیک میں اے آئی سینٹر قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے اہم مشینوں اور سہولیات کی اپ گریڈیشن کی بھی توثیق کی اور کہا کہ یہ اقدامات ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیں گے، صنعت و جامعہ کے روابط کو مزید گہرا کریں گے اور برآمدات کے فروغ اور درآمدی متبادل کی تکنیکی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔انہوں نے شاندار کارکردگی دکھانے والے ایک طالب علم کو نقد انعام بھی دیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے ہنر مند نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں اور یہی نوجوان ملک کو آئندہ صنعتی انقلاب کی راہ پر آگے لے کر جائیں گے۔

 

مزید خبریں