ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ، پلے آف مرحلے میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، شاداب خان

94

راولپنڈی ۔12مارچ (اے پی پی):اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ، پلے آف مرحلے میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے ، گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں شکست کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ابتدائی رائونڈ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی اور ہم نے پلے آف میں جگہ بنائی

، جو میچ ہم ہارے ان میں غلطیاں سرزد ہوئیں اور ہم ٹاپ ٹو میں جگہ نہیں بنا سکے ، انہوں نے کہا پلے آف کے میچز پریشر والے ہوتے ہیں ، غلطیوں پر قابو پا کر بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم فیئرلیس کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اس کے ساتھ ، ساتھ ہمیں سمارٹ کرکٹ بھی کھیلنی پڑے گی

، جو چار میچ ہم نے ہارے ان میں سمارٹ کرکٹ نہیں کھیلی ، آصف علی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ میچ ونر کھلاڑی ہے ، انہوں نے ہمیشہ اسلام یونائیٹڈ کی طرف سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، پہلے رائونڈ میں ان کی کارکردگی خراب رہی مگر ان پر مکمل اعتماد ہے اور پلے آف مرحلے میں ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔