ہاٹ سپاٹ مقامات کیلئے مزید اقدامات بھی اٹھانا پڑے تو گریز نہیں کیا جائیگا اپوزیشن سے اپیل ہے کہ کچھ وقت کیلئے مایوسی پھیلانے ، سیاسی پوائنٹ سکورنگ والی سیاست کو قرنطینہ کر لے ،ہمایوں اختر خان

لاہور۔17 جون (اے پی پی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا کے حوالے سے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر کورونا وائرس کے ہاٹ سپاٹ مقامات کیلئے مزید بھی اقدامات اٹھانا پڑے تو گریز نہیں کیا جائے گا،موجودہ حالات میں ہمیں ایک قوم بننا ہوگا اور اپوزیشن سے بھی اپیل ہے کہ کچھ وقت کیلئے مایوسی پھیلانے اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ والی سیاست کو قرنطینہ کر لے ،موجودہ حکومت نے اپنے دور میں صرف دو سے ڈھائی ہزار ارب روپے کا قرض لیا ہے ۔ پارٹی رہنمائوں اورمیڈیا نمائندوں سے ٹیلیفون رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے ہاٹ سپاٹ مقامات کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر کے اقدامات اٹھائے ہیں جس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنا ہے ، ہم عوام کی زندگیوںکے ساتھ کاروبار کو بھی بچانا چاہتے ہیں کیونکہ اگر چھوٹا کاروبار ایک بار ختم ہو گیا تو اسے دوبارہ شروع کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہو گی اور پھر بیروزگاری کا طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی مثبت تجاویز نہیں اس لئے اس کا کام صرف اسمبلیوں میں شور شرابہ کرنا رہ گیا ہے، موجودہ حالات میں عوام صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کے کردار پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے دور کا 5ہزار ارب روپے کا قرض واپس کیا ہے ، ماضی میں6 سے 7 فیصد پر 14ارب ڈالر کے مہنگے ترین کمرشل قرضے لئے گئے ہم اس کی بھی ادائیگی کر رہے ہیں ،روپیہ اصل سطح پر آنے کی وجہ سے قرضوںمیں اضافہ ہوا ، موجودہ حکومت نے اپنے دور میں صرف 2سے ڈھائی ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے ۔