پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے اور کھیل کی بحالی کے لئے ہالینڈ کے معروف ہاکی کوچ اور ہائی پرفارمنس ماہر ہرمن کروئس کو ابتدائی طور پر 2 سال کے لئے قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔
ہرمن کروئس دو سال کیلئے قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر

مزید خبریں
لاہور۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے اور کھیل کی بحالی کے لئے ہالینڈ کے معروف ہاکی کوچ اور ہائی پرفارمنس ماہر ہرمن کروئس کو ابتدائی طور پر 2 سال کے لئے قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔فیڈریشن کے مطابق ہرمن کروئس عالمی ہاکی میں ایک تجربہ کار اور معتبر نام ہیں، جو کئی دہائیوں سے یورپ، ایشیا اور دیگر خطوں میں قومی ٹیموں اور ایلیٹ ہاکی پروگراموں کے ساتھ کوچنگ اور مشاورتی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔ انہیں جدید کوچنگ سسٹم کی تشکیل، نوجوان ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے ٹیموں کی تیاری میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔
بطور قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر، ہرمن کروئس پاکستان ہاکی کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی رہنمائی کریں گے۔ وہ سینئر اور جونیئر قومی ٹیموں کے ساتھ مل کر کوچنگ اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے جدید اور پائیدار ہائی پرفارمنس فریم ورک تیار کریں گے، مختلف شعبوں کے ماہر کوچز کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے اور ٹیلنٹ کی شناخت کے پروگراموں کو مزید موثر بنانے پر بھی کام کریں گے۔فیڈریشن کے مطابق ہرمن کروئس آئندہ ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے اور عبوری دور میں کوچنگ سٹاف کے ساتھ مل کر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ورلڈ کپ کے فوری بعد وہ ایشین گیمز اور دیگر بڑے بین الاقوامی مقابلوں کے لئے سینئر اور جونیئر ٹیموں کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کی باقاعدہ قیادت سنبھالیں گے۔








