ہری پور،اوگرا قوانین کی خلاف ورزی پر ایل پی جی گیس پلانٹ سیل

ہری پور میں اوگرا قوانین کی خلاف ورزی پر ایل پی جی گیس پلانٹ سیل کر دیا گیا۔

ہری پور۔ 06 جولائی (اے پی پی):ہری پور میں اوگرا قوانین کی خلاف ورزی پر ایل پی جی گیس پلانٹ سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ہری پور نے سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر ووچر اور رسید کے ایل پی جی گیس فروخت کرنے والے گیس پلانٹ کو سیل کر دیا،اسسٹنٹ کمشنر نور نواز کی جانب سے کیے گئے معائنے میں انکشاف ہوا کہ پلانٹ مختلف دکانوں کو غیر قانونی طور پر گیس فراہم کر رہا تھا جس کے نتیجے میں صارفین سے اوگرا کے مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کی جا رہی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی،ناجائز منافع خوری اور سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی،انہوں نے ایل پی جی ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ اوگرا کے مقررہ نرخوں اور تمام قانونی تقاضوں کی پابندی یقینی بنائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔