ایبٹ آباد۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):ہری پور پولیس نے ماہ ستمبر کے دوران 91 مقدمات درج کر کے 101 منشیات فروش گرفتار کیے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) ہری پور فرحان خان کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر بالخصوص منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،ہری پور کے مختلف تھانوں کی پولیس نے ماہ ستمبر کے دوران مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف 91 مقدمات درج کر کے 101 ملزمان کو گرفتار کیا،
ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 111 کلو 315 گرام چرس،22 کلو 930 گرام ہیروئن،04 کلو 614 گرام آئس اور 1070 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ڈی پی او نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔