ایبٹ آباد۔ 03 مارچ (اے پی پی):ہری پور پولیس نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ہری پور پولیس کے مطابق ڈی پی او فرحان خان کے احکامات کی روشنی میں ہری پور پولیس کی منشیات سے پاک ہری پور مہم جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ کھلابٹ انسپکٹر راجہ ممتاز ترک نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش محمد زبیر ولد بدری زمان سکنہ سیکٹر نمبر 1 کھلابٹ کو گرفتار کر کے قبضہ سے 4 کلو 690 گرام چرس برآمد کر لی۔ ادھر ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب اللہ محمد نواز خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش انور خان ولد منور خان سکنہ محلہ خندق کو گرفتار کر کے قبضہ سے 3 کلو 13 گرام چرس برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔