ری پور۔ 19 جنوری (اے پی پی):ہری پور یونیورسٹی شعبہ بیالوجی کے زیراہتمام طلباءنے خانپور ڈیم پر کامیاب صفائی مہم کا آغاز کر دیا، یونیورسٹی نے ڈیم سائٹ کے مختلف مقامات پر کچرے کے ڈبے بھی نصب کئے۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ماحولیاتی آگاہی اور ذمہ دارانہ شہریت کو فروغ دینے کی ایک قابل تقلید مہم کے تحت ہری پور یونیورسٹی کے شعبہ حیاتیات کے طلباءنے خانپور ڈیم میں ایک کامیاب صفائی مہم کا آغاز کیا، اس اقدام کی قیادت شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عزیز اﷲ نے کی جس میں فیکلٹی ممبران ڈاکٹر صالحہ اشفاق، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر اسماءالحسنہ، ڈاکٹر شاہد علی شاہ، ڈاکٹر اسرار، ڈاکٹر وجیہہ سعید، مس کنزہ اور ڈیپارٹمنٹ کے طلباءو طالبات نے بھر پور طریقہ سے شرکت کی جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ خصوصاً وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے بھرپور تعاون کیا۔ مہم کا مقصد خانپور ڈیم اور اس کے اردگرد بڑھتی ہوئی آلودگی کو دور کرنا اور ماحول کو صاف کرنا تھا، علاقہ کی صفائی اور قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے طلباءکی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی۔ اس موقع پر طلباءسے اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے خانپور ڈیم کی صفائی مہم میں ان کی مثالی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے ماحولیات پر مثبت اثرات اور علاقہ کی قدرتی تشکیل کو برقرار رکھنے کے لئے طلباءکے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ ڈیم کے مختلف مقامات پر کچرے کے ڈبوں کی تنصیب ویسٹ مینجمنٹ کے حوالہ سے یونیورسٹی کے ذمہ دارانہ رویہ کی عکاس ہے۔ وائس چانسلر نے ماحولیاتی بیداری کو فروغ دینے میں اس طرح کے اقدامات کے اہم کردار پر زور دیا اور طلباءپر زور دیا کہ وہ اس طرزعمل کو یونیورسٹی کے احاطہ سے باہر مزید فروغ دیں اور کمیونٹی کی وسیع فلاح و بہبود کیلئے فعال طور پر اپنا حصہ ڈالیں۔ یہ طرزعمل یونیورسٹی آف ہری پور کے ذمہ دار شہریت اور بڑے پیمانہ پر کمیونٹی پر مثبت اثرات کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے، اس طرح کے اقدامات نہ صرف مقامی ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو قدرتی وسائل کے تحفظ میں ان کے کردار سے آگاہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہری پور یونیورسٹی ماحولیاتی مسائل کے حوالہ سے اپنے فعال طرز عمل کے ذریعہ دیگر تعلیمی اداروں کے لئے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔