ہر مہذب معاشرے میں اساتذہ کو ایک باعزت اور باوقار مقام حاصل ہے، گورنربلوچستان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہر مہذب معاشرے میں اساتذہ کو ایک باعزت اور باوقار مقام حاصل ہے، ٹیچرز بیک وقت رہنما، رول ماڈل اور ہمارے مستقبل کے معمار ہیں۔

کوئٹہ۔ 25 اپریل (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہر مہذب معاشرے میں اساتذہ کو ایک باعزت اور باوقار مقام حاصل ہے، ٹیچرز بیک وقت رہنما، رول ماڈل اور ہمارے مستقبل کے معمار ہیں۔ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں بالخصوص سکول کے اساتذہ کرام کے نام اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ویسے ہمارے تعلیمی اداروں میں ہم اکثر نصاب کو وقت پر مکمل کرنے، اسباق کی فراہمی اور امتحانات کے انعقاد پر توجہ دیتے ہیں لیکن اس سے بڑھ کر ایک بڑی سماجی ذمہ داری بھی ہے کہ آپ تمام طلبا و طالبات میں مضبوط کردار، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور اچھے انسانوں کا جوہر پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کے مقابلے بلوچستان قلیل مگر بکھری ہوئی آبادی والا صوبہ ہے،

اس میں بےپناہ صلاحیت ہے پھر بھی اسے منفرد تعلیمی چیلنجوں کا سامنا ہے، دوسرے صوبوں کے برعکس ہمارے پاس سخت حکومتی نگرانی اور احتسابی نظام کی کمی ہے اور سیاسی تنظیموں کی سطح پر بھی یہ ایک کمزوری پائی جاتی ہے،اسکے علاوہ صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ دیہی علاقوں میں بہت سے لوگ اساتذہ کی غیرحاضری یا وقت کی پابندی نہ کرنے کے خلاف بات نہیں کرتے اور نہ ہی متعلقہ حکام کو ایسے مسائل کی اطلاع دیتے ہیں، ایسے حالات میں ہر ذمہ دار ذی شعور شخص کو اپنے ضمیر کے سامنے خود کو جوابدہ ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا صوبہ تعلیم اور شرح خواندگی میں باقی سب سے پیچھے ہے،

ہماری کارکردگی ویسی نہیں جو ہونی چاہیے،ہم اپنی قومی ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی سے اپنے صوبے کو ملک کے ترقی یافتہ صوبوں کے برابر لا سکتے ہیں، مناسب تعلیم اور تربیت کے ساتھ ساتھ آپ طلباء کو جدید ہنر سیکھنے کا درس دیا کریں۔انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ اگر اساتذہ پہلے دن سے ہی طلبہ کی پڑھائی پر پوری توجہ دیں اور کورس کے دوران ان کی مسلسل رہنمائی کریں تو طلبہ کو امتحانات میں نقل کے ناسور کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔ آخر میں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے بھر کے سکول ٹیچرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ صرف معلم نہیں ہیں بلکہ آپ تقدیر کے معمار ہیں ،ہر روز آپ علم اور انسانیت کے درمیان پل بناتے ہیں اور آپ ایک ترقی یافتہ اور تعلیم یافتہ بلوچستان کی امید ہیں۔

 

مزید خبریں