حیدرآباد۔ 08 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت شہید بینظیرآباد ڈویژن کے منتخب نمائندوں کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، حاجی علی حسن زرداری، ضیاءالحسن لنجار، شاہد تھیم، سینیٹر قرۃ العین مری، ایم این اے سید ابرار شاہ، ایم پی اے مکیش کمار چائولا، چوھدری جاوید آرائیں ، غلام قادر چانڈیو،صلاح الدین جونیجو، کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن، سید محمد سجاد حیدر، ڈی آئی جی پولیس پرویز احمد چانڈیو، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن،ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز ارسلان سلیم کے علاوہ پارٹی رہنمائو ں اورکارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر آج شہید بینظیرآباد میں آیا ہوں پارٹی کارکنان کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا آج دوسرا دن ہے انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ پارٹی کارکنان ترقیاتی پروگرام کے لئے مشورے دیں اس لئے کارکنان کو سننے آیا ہوں جو شہید محترمہ بینظیربھٹو اور بلاول بھٹو کے جیالے ہیں وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ شہید بینظیرآباد ڈو یژن کے کارکن کی ترقی چاہتے ہیں ،سندھ میں مقامی سطح پر مشاورت صوبے کی ترقی کی ضامن ہوگی ،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت نے گزشتہ چار ادوار سے صوبے میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کروائے ہیں جو ترقیاتی کام ہوچکے ہیں انکو عوام کی امانت سمجھ کر ہم سب کو سنبھالنا ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضلع اور ڈویژن میرے لئے بہت اہم ہے اس کا نام ہماری عظیم لیڈر شہید بینظیر بھٹو سے منسوب ہے سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پہلے آپ لوگ صدر آصف علی زرداری کو یہاں سے ایم این اے منتخب کرتے رہے ہیں اس مرتبہ آپ نے محترمہ شہید بینظیر کی بیٹی آصفہ بھٹو کو ایم این اے چنا ہے یہ اعزاز شہید بینظیرآباد ضلع کے لوگوں کو ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت تھی کہ اب سندھ حکومت کارکنان چلائینگے آپ کی مشاورت کیلئے میں آپ سے ملنے آیا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ میں نے آپ کارکنوں کو سنا ہے کوشش کر رہے ہیں کہ یونین کونسلز کے ورکرز اجلاسوں میں بات کریں یہ صوبائی بجٹ کی تیاری کا وقت ہے میں چاہتا ہوں تمام کارکنان صوبائی سطح کی اسکیمز پر تجاویز دیں ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اگلے 5 سالوں میں ہر گاؤں میں صاف پانی پہنچائیں گے 2022 کے سیلاب نے صوبے میں بڑی تباہی مچائی ،چیئرمین بلاول بھٹو نے عالمی اداروں سے رابطہ کر کے امداد اور قرض دلوایا اس مالی مدد سے اب سیلاب متاثرین کے گھروں، سکولوں، ہسپتالوں کی تعمیر جاری ہے چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب میں اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا سندھ حکومت پانی کی پرانی گذرگاہوں کو دوبارہ بحال کر رہی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 4 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم خرید کی ہے جہاں باردانہ کا مسئلہ ہوا ہے وہاں باردانہ دے کر خریداری کرینگے،وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں مقامی کارکنوں کی شکایات بھی سنیں۔