ہزارہ موٹر وے پر شاہ مقصود انٹر چینج ہری پور کے قریب ٹویوٹا ہائی ایس اور مسافر کوچ میں تصادم ،ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 10 افراد شدید زخمی

171
ہزارہ موٹر وے پر شاہ مقصود انٹر چینج ہری پور کے قریب ٹویوٹا ہائی ایس اور مسافر کوچ میں تصادم ،ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 10 افراد شدید زخمی

ہری پور ۔ 07 جنوری (اے پی پی):ہزارہ موٹر وے پر شاہ مقصود انٹر چینج ہری پور کے قریب ٹویوٹا ہائی ایس اور مسافر کوچ میں تصادم سے ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 10 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔حادثہ روڈ پر کھڑی کنسٹرکشن مشنری کے باعث پیش آیا ،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ، جاں بحق اور زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر شاہ مقصود انٹر چینج ہری پور کے قریب مسافر بس اور ٹویوٹا ہائی ایس میں خوفناک تصادم ہو گیا ہے، بس نے ٹویوٹا ہائی ایس کو سامنے سے ٹکر ماری جس کے نتیجہ میں ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں،

جاں بحق ہونے والوں میں سلطان ولد محمد طاہر عمر 25/26 سال سکنہ تھا کوٹ بٹگرام، فیصل ولد ظہیر عمر 42/43 سال سلطانپور حویلیاں، محمد شکیل ولد خلیل الرحمٰن، عبدالقیوم ولد میر زمان،شملہ بی بی دختر محمد شکیل جھامرہ آبیٹ آباد اور طور گل ولد محمد عالم عمر 74 سال شامل ہیں اور زخمیوں میں علی رضا،عبداللہ، حسنن،عبد الرحمن، محمد امداد،عارفہ ،سمیع اللہ، عالم خان اور عثمان شامل ہیں جن کو شدید زخمی حالت میں ٹراما سینٹر ہری پور منتقل کر دیا گیا ہے،

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی 1122 ہری پور و مقامی پولیس اور موٹر وے پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ،امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق و شدید زخمی ہونے والوں کو نکال کر فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور حادثہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔