ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد یخ ہواؤں سے میدانی علاقے بھی سردی کی لپیٹ میں آ گئے

123
Snowfall
Snowfall

ایبٹ آباد۔ 09 دسمبر (اے پی پی):ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد یخ ہواؤں سے میدانی علاقے بھی سردی کی لپیٹ میں آ گئے،ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی اور بالائی علاقےناران،کاغان اور گلیات سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ دو روز بعد تھم گیا ہے تاہم متعدد شہر اور قصبے منفی درجہ حرارت کی لپیٹ میں آ گئے۔

ایبٹ آباد میں پارہ ایک سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گر گیا،ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں ہیوی سنو فال کے بعد میدانی علاقوں میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے ان علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے،ناران سے بابوسر ٹاپ تک ایم این جے روڈ شدید برف باری کے باعث ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

کاغان اور ملحقہ علاقوں میں بجلی میسر نہیں کیونکہ گزشتہ دنوں شدید برف باری سے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچا تھا جسے بحال نہیں کیا جا سکا۔ گزشتہ روز گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔