مانسہرہ۔ 12 جنوری (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے شعبہ پبلک پالیسی اینڈ ایڈمنسٹریشن کی بورڈ آف سٹڈیز کا تیسرا اجلاس ڈین فیکلٹی آف لاء اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فرحانہ کاظمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈیپارٹمنٹ کے تعلیمی اور تحقیقی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مذکورہ تعلیمی شعبہ میں جاری بی ایس و ایم فل پروگراموں کے نظر ثانی شدہ سکیم آف سٹڈی جبکہ پبلک پالیسی میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بورڈ آف سٹڈیز کے ممبران جن میں یونیورسٹی کے سابق ڈین فیکلٹی آف لاء اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر بہادر شاہ،آئی ایم سائنسز پشاور کے پروفیسر ڈاکٹر واصف جمال ، نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر اطہر رشید، ڈیپارٹمنٹ کے چیئر مین محمد وسیم،اسسٹنٹ پروفیسر اختر نواز، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ یاسر حسین اورسماجی شعبے میںکام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سائبان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر صاحبزادہ جواد الفیضی شامل تھے نے شرکت کی۔