کوئٹہ۔ 25 جنوری (اے پی پی):ٹیچنگ ہسپتال تربت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے کہا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتال تربت کو مثالی ادارہ بنائیں گے ،ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئےبھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحت عامہ کی فراہمی اور اب تک کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دیتےہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئٹہ کے بعد سب سے زیادہ ماہر ڈاکٹرز تربت میں موجود ہیں، جو عوام کو معیاری علاج فراہم کر رہے ہیں
ان کے مطابق ہسپتال کی موجودہ مشکلات کا سبب وسائل کی کمی نہیں بلکہ انتظامی مسائل ہیں، جن پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہسپتال میں ایک مکمل ٹراما سینٹر قائم کیا جائے، جس میں ہر قسم کی ایمرجنسی، برن یونٹ، آئی سی یو، سی سی یو اور دیگر ضروری شعبہ جات موجود ہوں، اس مقصد کے لئے سرجیکل کمپلیکس کی زیر تعمیر عمارت کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے، جو ٹراما سینٹر کے لئے بہترین جگہ ثابت ہوگی ،انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے شکایات ڈیسک بھی قائم کر دیا ہے۔