ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری جینوا پہنچ گئے

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):ریڈکراس ریڈکریسنٹ کی 34ویں عالمی کانفرنس کی تیاری کیلئے منعقدہ پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری جینوا پہنچ گئے۔ انہوں نے عالمی کانفرنس کیلئے ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے سفارشات پیش کیں۔

عالمی انسانی قوانین، جنیوا کنونشن، موسمیاتی تبدیلی اور پیشگی اقدامات کیلئے اِن کی روح کے مطابق عملدرآمد سے متعلق اظہار خیال کیا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس کی نو منتخب صدر محترمہ کیٹ فوربس سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے 34 ویں عالمی کانفرنس کے انعقاد، ہلالِ احمر کی سفارشات سے متعلق بات چیت کی۔

صدر آئی ایف آرسی نے سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ہلالِ احمر کی دُکھی انسانیت کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ مستقبل میں مشترکہ اقدامات کو جدید خطوط پر استوار کرکے انسانیت کی خدمت کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کی صدر کو 100 دِن کا دورانیہ کامیابی سے پورا کیے جانے پر مبارکباد دی۔ محترمہ فوربس نے کہا کہ ابتدائی دِنوں میں موسمیاتی تبدیلی، نیشنل سوسائٹی ڈویلپمنٹ، نوجوانوں کی شمولیت، وسائل کی مساویانہ تقسیم، گورننس اور لیڈرشپ، احتساب اور شفافیت کا فروغ میری ترجیحات میں شامل تھیں۔سردار شاہد احمد لغاری نے گرین آفس اقدام سے متعلق بھی آگاہی دی۔

موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات بارے بھی بتایا۔ ماحول دوست انوائرنمنٹ، سولرائزیشن کی تکمیل جیسے کاموں کو بھی سراہا۔ نوجوانوں کی مختلف سرگرمیوں میں شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے صدر فیڈریشن کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔ سردار شاہد احمد لغاری نے فیڈریشن آفس میں وزیٹر بُک پر تاثرات بھی قلمبند کیے۔ دونوں اطراف سے سونیئرز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔