29.9 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومقومی خبریںہلالِ احمر کی ایف نائن پارک میں شجرکاری مہم، ایک سو سے...

ہلالِ احمر کی ایف نائن پارک میں شجرکاری مہم، ایک سو سے زائد پودے لگائے گئے

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):ہلالِ احمر پاکستان کے زیر ِ اہتمام آرسی آرسی ڈے کی مناسبت سے شجرکاری اور صفائی مہم کا اہتمام کیا گیا، ایف نائن پارک میں ایک سو سے زائد پھلدار اور سایہ دار پودے لگائے گئے۔ رضاکاروں کی ایک کثیر تعداد نے پارک میں صفائی ستھرائی میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ اِس موقع پر ہلالِ احمرپاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ضرورت ہے، ہر فرد اپنے حصے کا پودا لگا کر آنے والی نسلوں کو تحفہ دے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈکراس ریڈکریسنٹ ڈے پوری دنیا میں 8 مئی کو منایا جاتا ہے، ہم یہاں اس دِن کی مناسبت سے پورا ہفتہ تقریبات منعقد کررہے ہیں، ہمیں اپنے اردگرد ماحول کو صاف رکھنا چاہئے،اس مہم میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر جرمن ریڈکراس کے آصف امان نے ہلالِ احمر کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔

- Advertisement -

تقریب میں سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان عبیداللہ خان، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس کے منظور علی، کلائمیٹ چینج ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے علاوہ ہلالِ احمر سٹاف نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ ریڈکریسنٹ ڈے دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں منایا جاتا ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان اس دن کی مناسبت سے پورا ہفتہ مختلف تقریبات منعقد کررہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592725

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں