اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد جیت یا ہار نہیں بلکہ سینٹ انتخابات میں شفافیت لانا ہے، انتخابی عمل میں شفافیت لانے کے لئے حکومت شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ الیکشن کرانا چاہتی ہے، سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کی روایت توڑنا چاہتے ہیں، شفاف انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوگی، ہم نے اپنے فائدے کے بجائے ملکی مفاد کو مدنظر رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سینٹ کے الیکشن میں ووٹ بیچے اور خریدے جاتے تھے، پاکستان تحریک انصاف کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ انتخابات صاف و شفاف ہوں، ہارس ٹریڈنگ کے تدارک کے لئے حکومت شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ الیکشن کرانا چاہتی ہے، اس سے انتخابی عمل بھی مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جانے کا مقصد عدالت سے رہنمائی لینا تھا، جہاں قانون واضح نہ ہو وہاں عدالت سے رہنمائی حاصل کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کابینہ میں پارٹی سطح کی میٹنگ ہوتی ہے تو اس میں مختلف اراکین کی مختلف آراء ہوتی ہیں، سینٹ الیکشن میں امیدواروں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک ختم ہو چکی، اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ عوام کرپٹ لوگوں کی حمایت نہیں کرتے، عوام نے پی ڈی ایم کو مسترد کر دیا ہے، اب اپوزیشن کی حکمت عملی یہ ہے کہ وہ حکومت پر تنقید بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے، پی ڈی ایم ”ایک تھی پی ڈی ایم” کے نام سے جانی جانے لگی ہے، اپوزیشن کے ایجنڈے کی کوئی بنیاد نہیں ہے، ان کا ایجنڈا زیادہ دن نہیں چلے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ایماندار اور پرعزم انسان ملک کا وزیراعظم ہے، عمران خان پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈ ریزنگ کرنے والے وزیراعظم ہیں، جب وہ وزیراعظم نہیں بھی تھے اس وقت بھی انہوں نے سب سے زیادہ فنڈ ریزنگ کی کیونکہ لوگ ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ حکومتوں نے سیاست میں پیسے کا استعمال کیا، یہی وجہ ہے کہ آج وہی جماعتیں اسی مخمصے کا شکار ہیں کہ وہ پیسے کی سیاست کو فروغ دینا چاہتی ہیں، خرید و فروخت کے سلسلے سے جمہوریت کی بدنامی ہوتی ہے، حکومت اسی خرید و فروخت کو روکنے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اور آئین میں ترمیم بھی اسی جدوجہد کا حصہ ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نے کھوکھر برادران کے پاس جا کر خود کو بے نقاب کر دیا، گزشتہ حکومتوں نے قبضہ مافیاز اور دیگر اس طرح کے گروپوں کی سرپرستی کی اور ان کی آڑ میں خود بھی پیسے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ممبران ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، ممبان دیکھ رہے ہیں کہ (ن) لیگ کی سیاست میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، سیاسی لوگ ایسے حالات میں اپنا مستقبل بھی دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی اس وقت کوئی ایک ادارہ ایسا نہیں تھا جو کام کر رہا ہو، سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے ملکی اداروں کو تباہ کیا گیا، بنیادی طور پر سارے ادارے مفلوج ہو چکے تھے، میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں تھی، تباہ اداروں کو بہتر کرنے میں وقت لگتا ہے، اب حکومت ان اداروں کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کر رہی ہے اورحکومت بہتری کے سفر پر گامزن ہے۔