اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پیپلز پارٹی کی تاریخ رہی ہے، ہماری مسلح افواج اور قوم نے دنیا میں دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ کامیاب جنگ لڑی ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ بلوچستان سے جب بھی حقیقی لیڈر بات کرتا ہے تو اس کی بات تلخ ہوتی اور ان تلخیوں کے پیچھے ایک پوری تاریخ ہے۔ دہشتگرد وہی کچھ کرے گا جس کے لئے اس نے تربیت لی۔ دنیا بھر میں دہشت گرد مذاکرات کے وقت ہتھیار رکھ کر بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پی پی پی کی ایک تاریخ ہے۔ سوات آپریشن ہم نے کامیابی سے مکمل کیا، دہشتگردوں کے خلاف ہمارے 80 ہزار سے زائد شہریوں اور مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے قربانیاں دی ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے سوات پر پاکستان کا پرچم لگانے کا نعرہ بلند کیا اور اپنی جان کی قربانی دی۔ دہشتگردوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، جو دہشتگرد ہتھیار ڈال کر آئین کے اندر بات کرنا چاہتے ہیں ان سے مذاکرات کرنے چاہئیں اور ہوئے بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے حوالے سے اس پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلا کر قومی سلامتی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا اور اجتماعی فیصلے کئے گئے جس کی ہم نے قیمت بھی ادا کی ہے۔ دنیا میں دہشتگردی کے خلاف سب سے کامیاب کارروائی ہماری مسلح افواج نے کی ہے۔
اس کے برعکس افغانستان میں 40 ممالک کی افواج کو شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مذہب کے لئے نہیں بلکہ طاقت کے لئے لڑ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قیمت ادا کی ہے، پاکستان نے اپنی سرزمین سے القاعدہ کا خاتمہ کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان کی طرح ٹرتھ اینڈ ری کونسلی ایشن کمیشن قائم کرنا چاہیے تاکہ پورا سچ سامنے آسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں انسانی حقوق کے کیسوں کو آگے بڑھانا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=333233