کراچی۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 3 اراکین کو اغوا کرلیا گیا ہیں ، ان کے خاندان والے پریشان ہے ، کریم بخش گبول نے مجھے یقین دلایا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں،ویڈیو بیان دبائو پر جاری کروایا گیا ہے ، ہمارے ایم پی ایز کی جان کو نقصان ہوا تو ذمہ د ار سندھ حکومت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کراچی کے صدر خرم شیرزمان ، فردوس شمیم نقوی ، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفارنے پیر کو انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی جمال صدیقی،عدیل احمد، ارسلان تاج سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 3 اراکین کو اغوا کرلیا گیا ہے ،ایم پی ایز کی خاندان پریشان ہیں ،ہم نے تمام اداروں کو اطلاع کردیا ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک حالات پیدا ہوچکے ہیں،تحریک انصاف کے ورکرز پر جعلی ایف آئی آر بنائی گئیں،ایک ایم پی اے کا ویڈیو بیان سامنا آیا ہے ،کریم بخش گبول پر دبا ئو ڈالا گیا ہے ،ہمیں یقین ہے کریم بخش گبول اس وقت کہاں ہیں اور باقی 2 ایم پی ایز کا بھی ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا ہے ہمیں یقین ہے کہ یہ سارا کھیل پیپلزپارٹی کا ہے ۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے۔صدر پی ٹی آئی کراچی نے کہا ہے کہ ہم نے دھرنوں میں دھاندلی کیخلاف آواز اٹھائی ،وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ سینیٹ الیکشن میں ضمیر فروشی کرنے والوں کی مخالفت کی، آج کی سپریم کورٹ کے رائے کے بعد سے معلوم ہوگا کہ کس نے پارٹی کے مطابق ووٹ نہیں دیا،ضمیروں کا سوداگر وں کو دھجکا لگا ہے۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کل میری کریم بخش گبول سے فون پر بات ہوئی اور انہوں نے مجھے یقین دلایا کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں،کریم بخش گبول جانتا تھا کہ سندھ کی تباہی میں سندھ حکومت کا ہاتھ ہے ،کریم بخش گبول کے بیانات دیکھے جاسکتے ہیں، انہوں ہمیشہ پی پی کی کارکردگی پر سوال اٹھایا،ہم جانتے ہیں کریم بخش ایک بہادر انسان ہیں،اگر ان پر دبائو نہ ہوتا تو کریم بخش گبول کی ویڈیو سامنے نہ آتی ۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں ۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پارٹی کا ووٹ پارٹی کی امانت ہے جو بورڈ نے فیصلہ کیا ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمال صدیقی نے کہا کہ عمران خان کسی کھمبے کو بھی کھڑا کردے تو ہمارا ووٹ اس کے لیے ہے ،ہم نظریاتی ہیں اپنی پارٹی کے ساتھ مخلص ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ایم پی ایز کی جان کو نقصان ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔