ہمیں جدید دور کے پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا، اجتماعی جذبے ، تعاون کے عزم کے ذریعے ہی رکاوٹوں پر قابو پا سکتے ہیں ،آئیے عہد کریں کہ مل کر کام کریں گے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

126
Deputy Chairman Senate
Deputy Chairman Senate

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ ہم جدید دور کے پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں، اجتماعی جذبے اور تعاون کے عزم کے ذریعے ہی رکاوٹوں پر قابو پا سکتے ہیں ،آئیے آج عہد کریں کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

سینیٹ سیکٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے جاری بیان میں سیدال خان نے کہا کہ 14 اگست کو یوم آزادی کے اس پرمسرت موقع پر میں پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،آج جب ہم اپنا جھنڈا لہرا رہے اور آزادی کا جشن منا رہے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کی بے پناہ قربانیوں کو یاد رکھیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم اور وژن نے اس آزاد اور خودمختار قوم کی بنیاد رکھی جسے ہمیں اپنا گھر کہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرپرستی میں ہم نے ترقی، استحکام اور خوشحالی کی طرف اہم پیش رفت کی ہے،اس دور میں شمولیت ، اتحاد اور قومی وحدت کے اصول پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔

سیدال خان نے کہا کہ ہم جدید دور کے پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں، اجتماعی جذبے اور تعاون کے عزم کے ذریعے ہی رکاوٹوں پر قابو پا سکتے ہیں،آئیے آج عہد کریں کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور ایک مضبوط، زیادہ جامع و خوشحال پاکستان کی تعمیر کریں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے دعا کی کہ یہ یوم آزادی ہم سب کو اپنے ملک اور اس کے مستقبل کے لیے اپنی لگن کی تجدید کرنے کی ترغیب دے۔