اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قومی سلامتی کے حوالے سے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان، پاک فوج اور اسلام سے مقدم کوئی چیز نہیں، سابق وزیراعظم نے اینٹی پاکستان اور اینٹی پاک فوج گفتگو کی ہے، صرف کرسی کی خاطر پاکستان کے ٹکڑوں پر بات چلی جانا انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لئے پورا پاکستان کھڑا ہونے کے لئے تیار ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہماری سرحدوں کی محافظ ہے، اس طرح کی منفی گفتگو عوام کے دلوں پر تیر کی طرح چبھتی ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ چند دن قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ ” اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کئے تو میں تحریری ضمانت دے سکتا ہوں کہ پاک فوج بحیثیت ادارہ تباہ ہو جائے گی بلکہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ختم ہو جائے گی۔” انہوں نے کہا کہ کس نے ایک یہودی کی انتخابی مہم چلائی تھی۔ یہودیوں سے تعلق ان کے اپنے ہیں اور بات فوج کی کرتے ہیں۔ اقتدار کی ہوس میں ان کی آنکھیں چندھیا گئی ہیں۔ اقتدار عزت سے ملتا ہے اس پر قبضہ نہیں کیا جاتا۔ یہ پاکستان کی سالمیت اور وقار کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کے تین ٹکڑے ہو جائیں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے کی باتوں کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل ایک نقشہ کی بات ہوئی تھی۔ میرا خیال ہے کہ یہ نقشہ عمران خان نے ہی بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ بیانات اور الفاظ ہیں جو ملک کے عوام کے دلوں پر تیر کی طرح چبھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت کے دفاع کے لئے تو پورا پاکستان کھڑا ہونے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم سعید نے 20 سال پہلے اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ عمران خان یہودی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے اقتدار میں آئے گا۔ یہی بات ڈاکٹر اسرار احمد نے بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور اسلام سے مقدم کوئی چیز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اینٹی پاکستان اور اینٹی پاک فوج گفتگو ہے۔ صرف ایک کرسی کی خاطر پاکستان کے ٹکڑوں پر بات چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس اقتدار کی خاطر یہ اندھے ہوگئے ہیں اس حوالے سے ہم قرارداد لانا چاہتے ہیں۔ تمام ارکان اس پر دستخط کریں جو دستخط نہیں کرے گا مجھے لگے گا کہ وہ عمران خان کے موقف کی حمایت کرے گا۔