ہم امن کی بات کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی سے رہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے گزشتہ برس 31 ارب ڈالر وطن بھیجے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا پاکستان فلم فیسٹیول کے آغاز پر تقریب سے خطاب

ہم امن کی بات کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی سے رہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے گزشتہ برس 31 ارب ڈالر وطن بھیجے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا پاکستان فلم فیسٹیول کے آغاز پر تقریب سے خطاب

دوبئی ۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم محبت والے لوگ ہیں، امن کی بات کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی کے ساتھ رہیں، اوورسیز پاکستانیز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے گزشتہ برس 31 ارب ڈالر وطن بھیجے، پاکستان کی معیشت میں ان کا بڑا حصہ ہے، عمران خان بھی سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو دوبئی ایکسپو 2020ءمیں پاکستان فلم فیسٹیول کے آغاز کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے گزشتہ برس 31 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای سے پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل پاکستان کے ذریعے سب سے زیادہ رقوم وطن بھیجیں، اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کی معیشت میں بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اوورسیز پاکستانیز پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان بھی اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بڑھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تقریب میں ہندوستان سے بھی بہت سے لوگ یہاں موجود ہیں، ہم انہیں بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ تم اپنے عقیدوں کے نیزے ہر دل میں اتارے جاتے ہو، ہم لوگ محبت والے ہیں تم خنجر کیوں لہراتے ہو۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم محبت والے لوگ ہیں، امن کی بات کرتے ہیں، ہم اس خطے کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی کے ساتھ رہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج یہاں متحدہ عرب امارات سے بہت سے لوگ آئے جو امن کی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میوزک، کلچر اور کرکٹ ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں ہم کل 11 پاکستانی فلمیں پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں سے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیادپر پاکستان پویلین آئیں، ہر روز ایک نئی پاکستانی فلم ان کی منتظر ہوگی۔ واضح رہے کہ 21 جنوری سے 26 فروری تک 11 پاکستانی فلمیں پاکستانی انکلوژر میں دکھائی جائیں گی۔