ہم بچوں کو نہیں مارتے مغربی میڈیا اصل مجرم کو سامنے لائے،حماس

126
Gaza
Gaza

مقبوضہ بیت المقدس ۔12اکتوبر (اے پی پی):اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور دوسری فلسطینی مزاحمتی قیادت نے مغربی ذرائع ابلاغ اور اسرائیل کی طرف سے بچوں کو نشانہ بنانے کے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔

فلسطینی خبررساں ادارے کے مطابق مزاحمتی قیادت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی میڈیا اسرائیل کے گمراہ کن بیانیے پر یقین کرکے حقائق سے چشم پوشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ مغربی ذرائع ابلاغ کو چاہیے کہ وہ صہیونی ریاست کے بیانیے پرکان دھرنے کے بجائے پیشہ وارانہ اسلوب اپنائے اور بچوں کو نشانہ بنائے جانےسے متعلق افواہوں کی چھان بین کرکے خبریں جاری کرے۔انہوں نے بعض مغربی ذرائع ابلاغ کی طرف سے اٹھائے گئے ان من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کی جو فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمت کے خلاف جھوٹ اور بہتان سے بھرے اسرائیلی بیانیے کو غیر پیشہ ورانہ طور پر اپناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں اور بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے کا وطیرہ اسرائیلی ریاست کا ہے اور پوری دنیا میں اس کے شواہد بھی موجود ہیں مزاحمتی فورسز اس طرح کے جھوٹے اور مکروہ پروپیگنڈے کو مسترد کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی دنیا تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی جنگی جرائم کے حوالے سے آنکھی بند کیے ہوئے ہے۔