ہم سی پیک اور ون روڈ ون بیلٹ سمیت چین کے تمام میگا منصوبوں کے سب سے بڑے شراکت دار ہیں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا بزنس کانفرنس سے خطاب

62
ہر سفر میں ناکامی کو تسلیم کرنا اور مشکلات کا اعتراف کرنا بہت اہم ہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے کانوکیشن سے خطاب

لاہور۔15فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہمارا دوست ملک چین دنیا میں اس وقت دوسری بڑی معیشت کے طور پرابھر چکا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے اور عنقریب یہ دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت بننے جا رہا ہے، ہم سی پیک اور ون روڈ ون بیلٹ سمیت چین کے تمام میگا منصوبوں کے سب سے بڑے شراکت دار ہیں۔وہ پیر کے روز گورنر ہاوس لاہور میں پاک‘ چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ بزنس کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن مس سنی ینگ، شینڈونگ ہائی سپیڈ پاکستان ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسروینگ جی چنگ،چائنیز بزنسمین ایسوسی ایشن، پنجاب مسٹر لو ایکیانگ،سن منگ ٹیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمسٹر کائی ژیانگ، پاک چین‘ چیمبر کے سینئر نائب صد ر داد احمد، نائب صدر خالد رفیق چوہدری اور سیکرٹر ی جنرل صلاح الدین حنیف نے بھی خطاب کیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ علاقے میں موثر کردار انجام دینے کیلئے ہم چین سمیت تمام دوست ممالک میں اپنی پہنچ کو ممکن بنائیں اور زیادہ سے زیادہ مشترکہ کاروبار ی اور صنعتی منصوبے تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چینی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اور ہماری حکومت اس سلسلے میں تمام تر قانونی مشکلات اور پالیسی دشواریوں کو ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے اور مذکورہ کانفرنس کا گورنر ہاوس میں انعقاد اس عزم کا بھرپورغماز ہے۔

پاک ‘چین چیمبر آف کامرس کے صدر ایس ایم نوید نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری میں خطیر اضافہ ہوا ہے اور چین کی ریاستی اور نجی کمپنیوں نے پاکستان میں پٹرولیم، توانائی اور ٹیکسٹائل میں بڑے پیمانے پر منصوبے شروع کر رکھے ہیں،چینی حکومت اپنے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے کہ وہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں ، بالخصوص سی پیک کے تناظر میں متعدد نئے منصوبے بھی شروع کئے جا رہے ہیں، ان حالات میں پاکستان کیلئے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے ملک میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاک‘ چین چیمبر کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلہ، نجی شعبہ میں مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی سطح پر ابلاغ کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جار رہے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے پاکستان کی مستحکم معاشی ترقی کیلئے دوست ملکوں کے ساتھ زمینی ، فضائی اور بحری رابطوں کے فروغ پر زور دیا ۔