لاہور۔3جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ہم نے جو کہا اس پر عمل کر دکھایا ہے ، پاکستان کی معیشت و سٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے،ہمارا ہر اجلاس صوبہ کے عوام کی ترقی فلاح و بہبود کیلئے ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی وفاق و پنجاب میں مہنگائی کا رونا نہیں رویا بلکہ اعتراف کیا
،وزیر اعظم محمد شہبازشریف اوروزیراعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے مہنگائی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، وزیر اعلی نے سولر پینل کا افتتاح کیا، بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ، 14روپے فی یونٹ پر سبسڈی پہلے دی اور اب مفت سولر پروگرام دیا جارہا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ بجٹ سے10 ارب روپے کی ایک لاکھ فری سولر پینل 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو دیں گے، 100 یونٹ والے کی ضرورت کے مطابق سولر دیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مفت سولر کیلئے صارفین خود کو شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے 8800 پر رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ میٹر خراب ، ڈیفالٹ اور چوری کرنے والے صارفین کو مفت سولر نہیں دیں گے، غریبوں کو ہی مفت سولر سسٹم دیں گے، کسانوں کے ٹیوب ویلوں کیلئے سولر فراہم کریں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے جھینگا فارمنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جھینگا فارمنگ کی پہلے بات کی جاتی رہی لیکن کبھی یہ تجربہ کامیاب نہ ہوسکا، مظفر گڑھ میں جھینگے کا 120ٹن کا منصوبہ کامیاب رہا،کھارے پانی کے سو ایکڑ رقبے پر جھینگے کی فارمنگ کو مکمل کر لیا گیا ہے،
پچیس مئی کو ماہرین کو بلا کرفزیبلٹی تیار کرلی گئی ہے، سال میں دو بار جھینگوں کی پیداوار حاصل کریں گے، ویتنام و چین میں جھینگے بھجوائے گئے ہیں۔