ہم پاکستان کو وسیع سرمایہ کاری کے ذریعے ایشیاء کا صنعتی مرکز بنانا چاہتے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف کی بحرینی کمپنیوں کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو وسیع سرمایہ کاری کے ذریعے ایشیاء کا صنعتی مرکز بنانا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سےرائیل نووا پرائیویٹ لمیٹڈ کے بانی شاہ اور چئیرمین کے مشیر شیخ خالد محمد سلمان الخلیفہ نےبحرینی کمپنیوں کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ نے بحرینی وفد کے شرکاء کو پاکستان میں مختلف شعبوں خصوصا صحت، سیاحت، ہوٹل، مہمان نوازی، ہاؤسنگ، زراعت، خوراک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پرتفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان خطے میں اپنے سٹریٹجک محل وقوع، نوجوان آبادی، ہنر مند افرادی قوت، بے شمار قدرتی وسائل اور کاروبار دوست ماحول کی وجہ سے سرمایہ کاری کے لیے مثالی جگہ ہے۔بحرینی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیااور انہوں نے اگلے 6 ماہ میں ہوٹل اینڈ ہاسپیٹیلٹی اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے آغاز کا عندیہ دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے زراعت، ماہی گیری اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کے لیے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بحرینی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور اس سلسلے میں تمام وسائل احسن طریقے سے بروئےۓ کار لائیں۔ملاقات میں وزیرسرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیرتجارت سید نوید قمر، وزیربرائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس عبدالواسع، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔