اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج ہم 8 اکتوبر 2005 ء کے تباہ کن زلزلے اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان کی یادمیں قومی استقامت کا دن منا رہے ہیں،اس تباہ کن زلزلے میں ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جن کا غم آج تک بھلایا نہیں جا سکا،8 اکتوبر کے زلزلے میں تعمیر نو پر مامور قومی اداروں نے ایک مثالی کردار ادا کیا ۔
یہاں جاری بیان کے مطابق قومی یوم استقامت8 اکتوبر 2024 ء کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ان لوگوں کو خراج تحسین جنہوں نے تباہ کن زلزلے کے دوران ہمت کا مظاہرہ کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت مزید موثر کوششوں کے ذریعے آفات سے محفوظ پاکستان کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے دوران بین الاقوامی برادری کے تعاون کی بھی تعریف کی۔