ہندوستانی عالمی دہشت گرد نیٹ ورک عالمی امن کے لیے خطرہ بن گیا ہے، دنیا بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کے لیے متفقہ اور فوری اقدامات کرے، مشعال حسین ملک

110

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے امریکی سرزمین پر سکھ علیحدگی پسندوں کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنانے کے بعد ہندوستانی عالمی دہشت گرد نیٹ ورک کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانیوں کی نسل کشی کرنے والے بھارتی ڈیتھ سکواڈ عالمی امن کے لیے خطرہ بن گئے ہیں ۔ مشعال حسین ملک جو کشمیر کے انقلابی حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ بھی ہیں، نے زور دیا کہ عالمی برادری کو بھارتی اقلیتوں کے قتل عام اور نسل کشی کو روکنے کے لیے بھارتی ہندوتوا حکومت پر دبائو کے حربے استعمال کرنے چاہیئں۔

 جمعرات کو جاری ایک بیان میں انہوں نے اس بات پر حیرانگی ظاہر کی کہ پاکستان، آزاد کشمیر، بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر اور بھارت کے اندر ٹارگٹ کلنگ کے بعد اب بھارتی عالمی دہشت گرد نیٹ ورک سارے براعظموں میں پھیل گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ ننجر کا قتل اور ایک اور ممتاز خالصتانی رہنما گروپتون سنگھ پنو کے قتل کی حالیہ ناکام سازش بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک کا ثبوت ہے۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی ڈیتھ سکواڈ اب بھی اوٹاوا اور واشنگٹن کی خودمختاری اور قومی سلامتی کو براہ راست چیلنج کر رہا ہے۔مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ کے اداروں کو بدنام زمانہ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں اقلیتی برادریوں کو منظم نسل کشی کا سامنا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں محصور وادی کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نسل کشی کی کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے بڑے ٹارچر سیل اور گیریژن سٹی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس کے باوجود عالمی طاقتیں بھارت کی طرف سے مسلسل خون کی ہولی اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے غافل ہے۔

مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے اداروں کو نہ تو ہندوستانی ڈیتھ سکواڈ کے ہاتھوں مزید لاشیں گرنے کا انتظار کرنا چاہئے اور نہ ہی انہیں ٹارگٹڈ قتلوں میں ملوث ہونے کے بعد ہندوستان کے دہشت گرد ریاست ہونے کے ثبوت کا انتظار کرنا چاہئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کے لیے متفقہ اور فوری اقدامات کرے اور بغیر کسی تاخیر کے اس ملک پر سخت سفارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کرے ورنہ بھارتی نسل کشی کرنے والے اور بدنام زمانہ ڈیتھ اسکواڈ ہندوستان کے اندر اور باہر مسلم، سکھ، عیسائی اور دیگر اقلیتوں کو قتل کرتے رہیں گے۔