اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام شعبوں بشمول روزگار، تعلیم اور تعمیری سرگرمیوں کے منصوبوں پر سرگرم عمل ہے، 10 ارب کے ہنرمند پاکستان پروگرام کا ہدف ایک لاکھ 70ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یوتھ کنونشن سے قبل اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام شعبوں بشمول روزگار، تعلیم اور تعمیری سرگرمیوں کے منصوبوں پر سرگرم عمل ہے، کامیاب جوان لون اسکیم کے تحت تقریباً 30 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کاروبار کرنے کے خواہشمند نوجوانوں میں 23.5 ارب روپے کے قرضہ جات کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے، ملک کے تمام صوبوں کے جوان بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کامیاب جوان پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 ارب کے ہنرمند پاکستان پروگرام کا ہدف ایک لاکھ 70ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان کے بینر تلے نوجوانوں کے لئے غیرنصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے 4 ارب روپے کے منصوبوں کا آغاز کر چکے ہیں، نوجوانوں کی سہولت اور رہنمائی کے لئے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں کامیاب جوان مراکز قائم کر رہے ہیں، کامیاب جوان مراکز سے 20 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان انوویشن لیگ کے تحت 500 سٹارٹ اپس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی اور صحت کے حوالے سے سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ اور سپورٹس اکیڈمیز کے منصوبوں کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کر رہے ہیں۔