اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل اسلامک چیریٹی آرگنائزیشن(آئی آئی سی او) کویت میں ترقیاتی پروگراموں کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد رمضان نے کہا ہے کہ قومیں تب ہی ترقی کر سکتی ہیں جب ان کے نوجوان مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہنر مند اور تربیت یافتہ ہوں۔وہ اتوار کو خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھےجس میں بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے گجرات اور بورے والا کیمپسز کے 400 طلباء کو اسناد سے نوازا گیا جنہوں نے گرافک ڈیزائن، ای کامرس اور گیم ڈویلپمنٹ میں تین ماہ کا تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ طلبہ کو ایسے ہنر سے آراستہ کریں جو انہیں معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے خود انحصاری کے قابل بنائیں۔
تقریب میں آئی آئی سی او پاکستان کے ڈائریکٹر محمد اوزکے سمیت اسلامک ہیلپ (یوکے) کے نمائندے حشمت خلیفہ، پاکستان میں تنظیم کے سربراہ سید اعجاز ہمدانی، رکن قومی اسمبلی ملک قاسم ندیم، بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں محمد ساجد، صنعت کاروں کے لیڈ ٹرینرز، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پروفیسر محمد رمضان نے اس بات پر زور دیا کہ آئی آئی سی او 80 سے زائد ممالک میں مستحق کمیونٹیز کو خدمات فراہم کرتا ہےجس سے وہ باعزت روزگار کے حصول کے لیے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی قوموں کی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں محمد ساجد نے کہا کہ 900 سے زائد طلباء نے پروگرام کے لیے درخواستیں دی تھیں
جن میں سے 400 کو ان تینوں اعلیٰ طلب شعبوں میں ہینڈ آن ٹریننگ کے لیے منتخب کیا گیا، ان ٹرینیز میں سے 40فیصد پہلے ہی روزگار حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان روشن مستقبل کے ضامن ہیں اور انہیں ہنر سے آراستہ کرنا انسٹی ٹیوٹ کا بنیادی ہدف ہے۔انہوں نے آئی آئی سی اوکویت کی طرف سے فراہم کردہ تعاون اور رہنمائی کا شکریہ ادا کیا۔رکن قومی اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہاکہ نوجوانوں کو پیداواری سرگرمیوں میں شامل کرنا آج ایک اہم چیلنج ہے اور دونوں اداروں نے عملی تربیت دے کر ایک مثال قائم کی ہے،تین طالب علموں انیسہ حبیبہ (ای کامرس)، طاہر امجد (گرافک ڈیزائن) اور ایمن شاہد (گیم ڈویلپمنٹ) نے اپنی تربیت کے دوران ملازمتوں کے حصول کے اپنے تجربات شیئر کیے۔
تقریب سے قبل پروفیسر محمد رمضان نے طلباء کی طرف سے مکمل کئے گئے مختلف پراجیکٹس کا جائزہ لیا اور ان کی حاصل کردہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے طلباء کی ذہانت کی تعریف کی اور بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز میں ایک بہترین تربیتی پروگرام کے انعقاد پر میاں محمد ساجد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔