ہوائی و بحری جہازوں اور کشتیوں کی درآمدات میں 10 ماہ کے دوران 79 فیصد کمی

پاکستان بیوروبرائے شماریات

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):ہوائی و بحری جہازوں اور کشتیوں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 79 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں ہوائی و بحری جہازوں اور کشتیوں کی درآمدات کا حجم 130 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 79 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ہوائی و بحری جہازوں اور کشتیوں کی درآمدات پر 622 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

اپریل میں ہوائی و بحری جہازوں اور کشتیوں کی درآمدات نہیں ہوئیں تاہم گزشتہ سال اپریل میں 89 ملین ڈالر مالیت کے ہوائی و بحری جہازوں اور کشتیوں کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات میں مجموعی طور پر 57 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات کا حجم 1.598 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.73 ارب ڈالر تھا۔